ابنا: گلگت بلتستان کو پاکستان کا باقاعدہ صوبہ بنانے کے لیے قانون ساز اسمبلی میں قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ رکن اسمبلی محمد ایوب شاہ نے گلگت بلتستان کو باقاعدہ صوبہ بنانے کے لئے قانون ساز اسمبلی میں قرارداد پیش کی، جسے 33 میں سے 31 ارکان نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ اس موقع پر وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ قرارداد سے علاقے کی 65 سالہ سیاسی محرومیوں کا ازالہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی مہدی شاہ کی قیادت میں وفد جلد صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرے گا اور انہیں قرارداد پیش کی جائے گی، تاکہ نئے صوبوں سے متعلق کمیشن کے ذریعے گلگت بلتستان کو بھی باقاعدہ صوبہ بنائے جانے کا اعلان کیا جائے۔
دیگر ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی میں گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے کی متفقہ طور پر قرار داد منظور کرلی گئی۔ وزیر قانون و پارلیمانی امور نے قرار داد پیش کی۔ قرار داد میں وزیر شکیل نے موقف پیش کیا کہ پینسٹھ برسوں سے غیر مشروط طور پر پاکستان میں شامل ہونے کے باوجود گلگت بلتستان بنیادی آئینی حقوق سے محروم ہے۔ قرار داد کو ایم کیو ایم، جے یو آئی، پی ایم ایل قاف سمیت دیگر جماعتوں کے منتخب اراکین نے بحث و مباحثہ کے بعد منظور کرلیا۔
.....
/169